تین سالہ بچی سمیت خودکشی کرنے والی خاتون کو ایلیٹ کے کمانڈو نے بچا لیا

تین سالہ بچی سمیت خودکشی کرنے والی خاتون کو ایلیٹ کے کمانڈو نے بچا لیا

گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) تین سالہ بچی سمیت نہر میں چھلانگ لگانی والی 25/26سالہ خاتون کو ڈیوٹی پر مامور ایلیٹ کمانڈونے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے نہر میں چھلانگ لگا کر بچا لیا۔بچی اور خاتون کی حالت تسلی بخش ہے جنہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ایلیٹ فورس کے کمانڈوز نندی پور کے علاقے میں حسب معمول گشت ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے کہ اسی دوران نظام چک کی رہائشی خاتون مسمات بشریٰ بی بی زوجہ افتخار احمد اپنی 2/3سالہ بچی مسمات نور فاطمہ سمیت نہر میں کود گئی ۔ الیٹ پولیس کے کمانڈوز اظہر چیمہ ، منیر احمد اور ذیشان احمد سرکاری گاڑی پر نہر نندی پور کے قریب موجود تھے۔ اظہر چیمہ الیٹ کمانڈو نے فرض شناسی سے کام لیتے ہوئے ڈوبنے والی خاتون کو بچانے کی خاطر فوراً نہر میں وردی سمیت چھلانگ لگا دی اورڈوبنے والی خاتون کو بچی سمیت نہر سے زندہ نکال لیا۔ خاتون کا نام و زوجیت معلوم ہونے پر ورثاء سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہ ہے ۔جان پر کھیل کر خاتون کو بچانے والے کنسٹیبل اظہر محمود کی اس فرض شناسی ، جرات ، بہادری اور دلیری پر علاقے کے لوگوں نے زبردست خراج تحسین پیش کیا جب کہ سٹی پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے پولیس کمانڈو اظہر محمود کے لئے نقد انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیاہے ۔

مزید : علاقائی