سونامی اور کنٹینربابا شو بری طرح ناکام ہو گئے،رانا مشہود خان
لاہور(اے این این ) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ سونامی اور کنٹینر بابا کے شو بری طرح ناکام ہو گئے صرف چند ہزار افراد کی شرکت نے دونوں کو اصلیت یاد کرا دی۔ق لیگ کا تحریک انصاف اور طاہر القادری سے الحاق صفر جمع صفر کے برابر ہے۔ ریلی میں پرویزالٰہی کے شرکت پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ کی مانند ہے‘ جو انتخابات میں شکست کے بعد پرائے احتجاج میں اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔صوبائی وزیرتعلیم نے ایک بیان میں کہا کہ چوہدری برادران نے انتخابات میں عبرتناک شکست کے بعد کوئی سبق نہیں سیکھا۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 148نشستوں میں سے ق لیگ کے پاس 124 حلقوں میں امیدوار ہی نہیں تھے اور جن24 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا ان میں سے 4 کی ضمانتیں ضبط ہوئیں اور 20 امیدوار قابل ذکر ووٹ ہی حاصل نہ کر سکے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پرویزالٰہی غلط فہمی دور کر لیں اب کبھی چور راستے سے اقتدار میں نہیں آ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے سائے تلے اقتدار کے مزے لوٹنے والے عوام کو مزید دھوکہ نہیں دے سکتے۔
رانا مشہود خان