عمران خان جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں ، شرجیل میمن

عمران خان جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں ، شرجیل میمن


حیدرآباد (این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک سال کے بعد انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹ کر عمران خان جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش ہے۔ وہ صحافیوں سے باتیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی خاص ایجنڈے کے تحت جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پی پی پی جمہوریت مخالف تمام جلسوں کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پنجاب میں دھاندلی ہوئی ہے تاہم پی پی پی سمجھتی ہے کہ جمہوریت کا پہیہ چلتا رہنا چاہیے اورجمہوریت پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیا جائیگا ۔پاکستان کو اس وقت جمہوری نظام کے تحت سیاسی استحکام کے حصول کی سخت ضرورت ہے کیونکہ سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کا چولی دامن کاساتھ ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے نے کہا کہ تحریک انصاف کی احتجاجی سیاست سے جمہوریت کی بقاء کیلئے سنگین خطرا ت پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ جو عناصر پچھلے سال جمہوری نظام کو خراب کرنا چاہتے تھے انکی اب تحریک انصاف میں شمولیت سے کئی خدشات پیدا ہو رہے ہیں کہ کہیں وہ اس احتجاج کو اپنے جمہوری دشمن اور عوام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے استعمال نہ کریں ۔تنویر اشرف کائرہ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنا ٹوٹل پولیٹیکل ویٹ جمہوریت کے پلڑے میں ڈال دیا ہے جس کاثبوت سابق صدر آصف علی زرداری کی نوازشریف سے حالیہ ملاقات ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے لیے حمایت جاری رکھے گی خواہ اسکے لیے اسکو کتنے ہی نامساعد حالات سے گزرنا پڑے۔ انہوں نے یاددلایا کہ پیپلز پارٹی نے پچھلے مئی 2013 ؁ء کے انتخابات کے نتائج کو صرف اور صرف سیاسی نظام کے تسلسل کے لیے تسلیم کیا تھا اگرچہ پارٹی کو انتخابی نتائج کے بارے میں تحفظات تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو بچانے کے لیے سینہ سپر ہے اور کبھی بھی اس مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور جمہوریت کے تسلسل اور اسکے استحکام کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔تنویر اشرف کائرہ نے کہا یہ وقت احتجاجی سیاست کا نہیں ہے کیونکہ شدید سیاسی نفاق جمہوریت کے لیے زہر قاتل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم جمہوری نظام کو بچانے کے لیے متحد بھی ہے اور پر عزم بھی۔

مزید : صفحہ اول