آفاق احمد کی گاڑی پر فائرنگ،50 قتل کئے،سعید بھرم نے زبان کھول دی
کراچی(ویب ڈیسک)دبئی سے گرفتار ٹارگٹ کلر سعید بھرم نے دوران تفتیش مختلف علاقوں میں قتل کی 50وارداتوں کا انکشاف کیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق سعید بھرم کی اجمل پہاڑی، قاضی منہاج اور رئیس ماما سے دوستی تھی،بھارت ،ملائیشیا اور دبئی مین سیاسی جماعت کے کارکنوں اور ٹارگٹ کلرز سے ملاقاتیں کی تھیں۔ اس نے مختلف علاقوں میں زمینوں پر قبضے کا بھی اعتراف کیا، وہ آفاق احمد کی گاڑی پر فائرنگ میں بھی ملوث تھا۔ ذرائع کے مطابق سعید بھرم سے راکے ساتھ تعلقات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف قومی احتساب بیورو (نیب) اوررینجرز نے سوک سنٹر پرالگ الگ چھاپے مارکر کے ایم سی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ سے متعدد فائلیں تحویل میں لے لیں۔نیب حکام نے سوک سنٹر پر چھاپہ مارا جہاں مختلف دفاتر کی تلاشی لی گئی۔ نیب حکام نے کے ایم سی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی تلاشی لی اور فائلوں کی چھان پھٹک کی جبکہ اس دوران حکام نے متعدد فائلیں بھی تحویل میں لے لیں۔ دوسری جانب رینجرز نے بھی سوک سنٹر پر چھاپہ مارا،نیب حکام اوررینجرز نے شہر میں چائنہ کٹنگ اور دیگر غیر قانونی الاٹمنٹس کی تحقیقات کے لیے فائلیں تحویل میں لیں جبکہ اس دوران لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسروں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔