سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو 9.4 ارب کا منافع
اسلام آباد(اے پی پی)سال 2015ء کے دوران سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے 9.4 ارب روپے کا خالص نفع کمایا ہے۔ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے شعبہ ریٹیل بینکنگ کے سربراہ شہزاد عارف نے کہا ہے کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک صرف خاص لوگوں کا ہی بینک نہیں ہے بلکہ انتظامیہ نے اس کو عام آدمی کا بینک بنانے کے حوالے سے متعدد اقدامات کئے ہیں تاکہ شعبہ کے صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ بینک کی تقریباً70 فیصد آمدن عام صارفین کے ذریعے حاصل ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بینک کے فی براچن اخراجات 106.1 ملین روپے رہے ہیں جو 20 بڑے بینکوں میں سب سے زائد ہیں۔ شہزاد عارف نے کہا کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک صرف مخصوص افراد کا بینک نہیں ہے بلکہ یہاں ہر عام صارفین کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے لئے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے ذریعے روز بروز نئی سہولتیں متعارف کروائی جاتی ہیں۔