ترک ایجنسی کے ماہرین مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت فراہم کرینگے
لاہور(کامرس رپورٹر)ترک انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ( TIKA ) کے 6ماسٹر ٹرینرزاور 3ایڈوائزر 90ٹیوٹا اساتذہ کو 21روزہ ٹریننگ پروگرام کے ذریعے آٹوموٹیو، کنسٹرکشن اور زرعی مشینری میں جدید ٹریننگ فراہم کرینگے۔ ترک حکومت اور حکومت پنجاب کا کامیاب تعاون ٹیوٹا اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت کے ذریعے جاری ہے۔ٹیوٹا اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کیلئے ٹریننگ پروگرام گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ اور رائیونڈ روڈ، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مغلپورہ اور سینٹر برائے ایگریکلچر مشینری انڈسٹریز میاں چنوں منعقد کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج گلبرگ میں ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ترک وفدکے اراکین، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، صدر ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ لاہور سید محمود غزنوی، ٹیوٹا افسران اور دیگر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ترک ماسٹر ٹرینز کی آمد حال ہی میں ترک وفد کے پاکستان دورہ کا حصہ ہے جس نے 30ٹیوٹا اساتذہ کو ہاسپٹیلیٹی اور ٹورازم سیکٹرمیں ٹریننگ فراہم کی ۔موجودہ ٹریننگ پروگرام کے تحت رمضان بسکایا ڈرافٹسمین سول، عصمت کیباپسی پلمبر، عمر گوکس آٹو الیکٹریشن، وورل کایا آٹو میکنک اور علی عرفان اوزیرک ایگریکلچر مشینری مکینک ٹریڈ میں ٹیوٹا اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کرینگے۔ان ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے اساتذہ کی ماہرانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جس سے نوجوان نسل کو فائدہ پہنچے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ترک حکومت کا ٹیوٹا اساتذہ کو جدید ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ماسٹر ٹرینر کو پاکستان بھیجنا دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کا حصہ ہے۔
ٹریننگ پروگرامزکے انعقاد کا مقصداساتذہ کو عالمی معیار کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ صنعتی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید نصاب کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔یہ تربیتی پروگرام بیرون ملک افرادی قوت کی فراہمی کیلئے بے حد موثر ثابت ہوگا۔ ترک حکومت کا ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے تعاون نہ صرف انڈسٹریز کیلئے فائدہ مند ہو گابلکہ اس پروگرام کے ذریعے پاک ترک دوستی تعلقات میں مزید مضبوطی بھی آئے گی۔