حکمرانوں کو لوٹی ہوئی دولت کا ہر صورت حساب دینا پڑے گا ،ملک عامر سجاد

جوہانسبرگ( بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر سجاد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو لوٹی ہوئی دولت کا ہر صورت حساب دینا پڑے گا او رقوم ان کا کوئی عُذر قبول کرنے کو تیار نہیں ،عمران خان ملک و قوم کا درد رکھتے ہیں ا ور یہی وجہ ہے کہ حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عوام پی ٹی آئی کے جلسوں میں آتے ہیں ۔روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد سے جمہوریت کو ہرگز کوئی خطرہ نہیں اگر کوئی خطرہ ہے تو کرپٹ اشرافیہ کو ہے جن کی کرپشن کے راستے بند ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا قوم نے تہیہ کر لیا ہے کہ حکمرانوں سے لوٹ ہوئی پائی پائی کا حساب لیا جائے گا اور ان کا کوئی عُذر قبول نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی او رپنجاب حکومت نے اپنے اللے تللوں کیلئے بجٹ میں عوام پر ٹیکسز کے بم گرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے لیکن ہم متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ کیا گیا تو اسے تسلیم نہیں کیا جائے گا اور اسکے خلاف احتجاج کریں گے۔