بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے شہادت حسین پر عائد عارضی پابندی ختم کردی
ڈھاکہ(این این آئی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے فاسٹ باؤلر شہادت حسین پر عائد عارضی پابندی انسانی ہمدردی کے تحت ختم کردی تاہم قانونی معاملات کے حل تک وہ بین الاقوامی کرکٹ میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے ٗبنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شہادت حسین کو گزشتہ سال 11 سالہ گھریلو ملازم بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے جرم میں کرکٹ سے معطل کردیا گیا ٗشہادت حسین نے دو ہفتے قبل معافی مانگتے ہوئے کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی درخواست دائر کی تھی۔بی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کے مطابق بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے شہادت حسین کی جانب سے کی گئی اپیل کی روشنی میں ان پرعائد پابندی انسانی ہمددری کے تحت اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق فوری طورپر ہوگا جو صرف ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود ہے۔نظام الدین چوہدری نے کہاکہ وہ قانونی مسائل کے حل ہونے تک قومی ٹیم میں انتخاب کے لیے زیر غور نہیں ہوں گے۔ماضی میں ملازمہ کے دعوؤں کو الزامات قرار دینے والے بنگلہ دیشی کرکٹر نے اپنی بداعمالیوں پر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان سے غلطی سرزد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے کیے پر شرمندگی ہے اور میں پوری قوم سے اس پر معافی مانگتا ہوں اور اپنی زندگی کو آگے بڑھانے کیلئے میں کرکٹ میں واپسی چاہتا ہوں ٗمیں قوم اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے کرکٹ میں واپسی کی اجازت دیں۔