سیاح اولمپکس کے دوران ریو ڈی جنیرو سے دور رہیں یہ خطرناک شہر ہے ، ریوالڈو

سیاح اولمپکس کے دوران ریو ڈی جنیرو سے دور رہیں یہ خطرناک شہر ہے ، ریوالڈو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریوڈی جنیرو(آن لائن)برازیلین عالمی کپ کے فاتح ریوالڈو نے سیاحوں کو خبردارکیا ہے کہ وہ تین ماہ کے عرصے میں اولمپکس کے دوران ریو ڈی جنیرو سے دور رہیں اور کہا ہے کہ شہر انتہائی خطرناک ہے۔44سالہ 2002ء کی عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے سٹار کھلاڑی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر کہا کہ اپنے ملک میں رہیں ، یہاں آپ کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے ، ان کا حوالہ ریو میں اختتام ہفتہ پر ایک سترہ سالہ لڑکی کو گولی مارکر ہلاک کر نے کے واقعہ کی طرف تھا اور کہا کہ برازیل میں حالات انتہائی خراب ہیں۔ریوالڈو نے کہاکہ ملک میں جرائم کی شرح میں اضافے کے ساتھ ساتھ غریب عوام ہسپتالوں میں مشکلات کا شکار ہیں اور صدر ڈلما روسف کے خلاف مؤاخذے کے عمل سے سیاسی بدامنی عروج پر ہے ۔انہوں نے لکھا کہ ہمارے برازیل میں صورتحال کو صرف خدا ہی تبدیل کرسکتا ہے۔
اس انتباہ سے جنوبی امریکہ میں منعقد ہونیوالے پہلے اولمپک کے منتظمین ناراض ہو سکتے ہیں ، حکام کا کہنا ہے کہ 85ہزار کے قریب پولیس اور فوجی اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے ، یہ تعداد 2012ء کے لندن اولمپک کے مقابلے میں دو گنا زائد ہے ۔ریوڈی جنیرو میں جرائم کی شرح بے حد زیادہ ہے ، نواحی علاقوں میں منشیات سمگلروں اور بھاری مسلح پولیس کے درمیان فائرنگ کے واقعات معمول کا حصہ ہیں۔