حکومت ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر معیشت مستحکم کرے: نعیم میر
لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف اور انڈسٹری کی بہتری کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر ملکی معیشت کو مستحکم منانے میں کردار ادا کرے اور تاجر تنظیموں کی جانب سے دی جانے والی بجٹ تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنائے جبکہ توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے تھنک ٹینک منصو بہ بندی کرے ۔ ان خیالات کا اظہارصنعتکار و آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے گزشتہ روز جاری بیان میں کیا ۔ انھوں نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ سازی میں تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کئے بغیر خاطرخواہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے اپنے ٹیکس نیٹ کو بڑھائے اور عام کاروباری افراد پر سے ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کرے اورجان بچانے والی ادویات سمیت دیگر ادویات پرٹیکسوں کی شرح کو کم زیادہ سے زیادہ کم کیا جائے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات بروقت دستیاب سکیں۔ نعیم میرنے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے بنیادی ان پٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے چھوٹے بڑے ڈیموں سمیت کالا باغ ڈیم کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی حکمت عملی اپنائی جائے، تاکہ ملک سے توانائی کی قلت کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری اور صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ تاجر طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جن کی تجاویز کو بجٹ کا حصہ ضرور بننا چائیے تاکہ فرینڈلی بجٹ پیش ہو ملکی معیشت مستحکم ہو۔