ڈبل شاہ کی رقم رکھنے کا الزام ، ڈاکٹر عبدالباسط ایڈووکیٹ کے خلاف ریفرنس پیش
لاہور(نامہ نگار)نیب نے ڈبل شاہ کی 6 کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم اپنے پاس رکھنے کے الزام میں ملوث ڈاکٹر عبدالباسط ایڈووکیٹ کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں پیش کردیا۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج عبدالستار کی عدالت میں نیب پنجاب نے ڈاکٹر عبدالباسط کے خلاف ریفرنس پیش کیا،یہ ریفرنس لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے بعد پیش کیا گیا ہے جس میں عدالت عالیہ نے قرار دیا تھا کہ کسی ملزم کی لوٹی رقم بطور امانت اپنے پاس نہیں رکھی جا سکتی۔ عدالت میں نیب پنجاب نے جو ریفرنس پیش کیا ہے ،اس میں ڈاکٹر عبدالباسط ایڈووکیٹ پر ڈبل شاہ کی 6 کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم خوردبرد کرنے کا الزام ہے۔ ریفرنس ایڈمن جج عبدالستار کے پاس آنے پراس کو سماعت کے لئے آج12مئی کوکسی بھی جج کی عدالت میں بھجوا دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں نیب پنجاب نے دوسرا ریفرنس حارث سٹیل مل کے مالک شیخ افضل کے خلاف پیش کیا اس ریفرنس میں شیخ افضل پر نِب بینک گلبرگ برانچ سے کروڑوں روپے کی رقم حاصل کرکے خوردبرد کرنے کا الزام ہے۔اس ریفرنس پر بھی ایڈمن جج آئندہ سماعت پراحکامات جاری کریں گے۔