میں اور میرے شوہر احمد بٹ خوشگوار زندگی بسر کر رہے ہیں ‘ حمیرا ارشد

لاہور ( این این آئی) گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ میں اور میرے شوہر احمد بٹ خوشگوار زندگی بسر کر رہے ہیں ، خلع لینے کی خبروں سے مجھے اور میرے خاندان کو بے پناہ ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب احمد بٹ ارو میرے درمیان اختلافات ہوئے تھے اس وقت میں نے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا مگر بعد میں خاندان کے بڑوں اور قریبی دوستوں کی کوششوں سے ہمارے اختلافات ختم ہو گئے اور اب ہم دونوں میاں بیوی خوشگوار زندگی بسر کرر ہے ہیں ۔ حمیرا ارشد نے کہا کہ میڈیا نے ہر موقع پر میرا ساتھ دیا لیکن اس مرتبہ میڈیا نے اپنی ذمے داریاں اچھے طریقے سے پوری نہیں کیں جس کی وجہ سے اصل خبر سامنے نہیں آئی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ میری میڈیا کے دوستوں سے درخواست ہے کہ وہ خبر سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کر لیا کریں تاکہ کسی کی دل آزادی نہ ہو ۔