اجتماعی شادیوں کا مقصد سنت رسول ﷺ کو آسان بنانا ہے،صائمہ شبیر

اجتماعی شادیوں کا مقصد سنت رسول ﷺ کو آسان بنانا ہے،صائمہ شبیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ٹرسٹ کے تحت 15جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا۔نوبیاہتا جوڑوں میں کپڑوں کے جوڑے، بستر،کراکری ، سلائی مشینیں،نقد رقوم اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیا تحائف کے طور پر تقسیم کی گئیں۔تقریب کا اہتمام ہربنس پورہ کے مقامی شادی ھال میں کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور ذکراللہ مجاہد،نگران فلاح خاندان سینٹر جماعت اسلامی حلقہ خواتین عافیہ سرور ،الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انس واحدی،سیکرٹری افتخار گل،الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ لاہور کی صدر صائمہ شبیر،سیکرٹری صبا ثاقب ،سماجی خدمات کی نگران عافیہ علی اور معروف سماجی شخصیت صوفی اکرم سمیت نوبیاہتا جوڑوں کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے خطبہ نکاح پیش کیا جبکہ عافیہ سرور نے نکاح کی اہمیت پر مختصر بیان دیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ لاہور کی صدر صائمہ شبیر نے اِس مو قع پر کہا کہ اجتماعی شادیوں کا مقصد سنت رسول ﷺ کو آسان بنانااور مستحق خاندانوں کی معاونت کرنا ہے۔معروف سماجی شخصیت صوفی اکرم نے نو بیاہتا جوڑوں کو سلامی پیش کی اور آئیندہ زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال ملک بھر میں سینکڑوں جوڑوں کی شادیوں کا اہتمام کرتی ہے ۔ اِس موقع پر نوبیاہتا جوڑوں اور اُن کے والدین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی اِس کاوش کو سراہااورکہا کہ کم آمدنی اور مہنگائی نے اس مقدس فر یضے کی ادائیگی کو مشکل بنا دیا تھا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی معاونت پر ہم اُن کے مشکور ہیں۔