ڈپٹی سپیکر کی بے بسی!

ڈپٹی سپیکر کی بے بسی!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بیورو کریسی کتنی مُنہ زور اور لاپروا ہے اس کا اندازہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر شیرگورچانی کے ریمارکس سے ہوتا ہے جو انہوں نے اسمبلی کی کارروائی کے دوران متعلقہ محکموں کے سیکرٹری حضرات کی غیر حاضری کے حوالے سے دیئے۔ ڈپٹی سپیکر نے ایک محکمہ کے سیکرٹری کو بار بار بلایا، مگر وہ نہیں آئے اور یوں ایوان میں متعلقہ کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ شیر گورچانی نے سیکرٹری اسمبلی سے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کو خط لکھیں، اگر سیکرٹری حضرات کا وطیرہ اور عمل یہی ہے تو مَیں اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا۔عوام کے منتخب ایوان کے ایک منتخب کسٹوڈین کی یہ بے بسی تو ظاہر ہو گئی اس حوالے سے اسمبلی کا ریکارڈ گواہ ہے کہ بیورو کریسی ان منتخب حضرات کو کبھی خاطر میں نہیں لائی، حتیٰ کہ متعدد استحقاق کی تحاریک بھی ان کے رویے کو ٹھیک نہیں کر سکیں، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ برسر اقتدار پارٹی اور حکومتی سربراہ اس طرف زیادہ توجہ نہیں دیتے، حالانکہ جمہوریت میں ایوان کی حیثیت مسلم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب تو خود ایک سخت گیر ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے مشہور ہیں ان کو ڈپٹی سپیکر کی اس شکایت کا خود نوٹس لینا اور باز پُرس کرنا چاہئے وہ ایوان کے احترام کو بھی مقدم بنائیں کہ یہ ایوان کے اقتدار کی بھی کنجی ہے۔

مزید :

اداریہ -