مون سون سے قبل گٹروں اور نالیوں کی صفائی کا کام تیز کرنے کی ہدایت
لاہور ( جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان اور وائس چےئر مین واسا ایم پی اے چوہدری شہباز احمد کی زیر صدارت مون سون سے پہلے کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹا ؤن ہال میں ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز ،واسا،ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے واسا،ایل ڈبلیو ایم سی اور ٹا ؤنز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی ستھرائی کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کریں۔واسا افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کے پاس 250 ڈی واٹرنگ پمپس ہیں جو کہ تمام کے تمام چالو حالت میں ہیں جبکہ 44 پانی کھینچنے والی مشینیں ہیں جو کہ شہر کے نشیبی علا قوں میں نکا سی آب کے کا موں کو یقینی بنائیں گی۔اس کے علا وہ شہر کے مختلف مقامات پر ایمرجنسی کیمپس لگائے جائیں گے جہاں پر واسا ملازمین دیگر محکموں کے ملازمین کے ساتھ ملکر ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پر بننے والے ٹرین کے ٹریک پر خطر ناک پوائنٹس کی نشاندہی کے لیے اے سی (سٹی) کی سربراہی میں9رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔