نوازحکومت نے ہردورمیں پی پی کو انتقام کانشانہ بنایا،مولابخش چانڈیو
کراچی (اے این این )مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہاہے کہ ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکالنے والی عادت نے حکمرانوں کو بحرانوں میں ڈالا ہے ۔مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے ایک بیان میں پرویز رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو کو سب سے زیادہ اذیتیں نواز شریف کے ادوار میں دی گئیں۔ جھوٹے کیس بنائے گئے ملک بھر کی عدالتوں کے چکر لگوائے گئے۔ یہ نواز شریف ہی تھے جنہوں نے آصف علی زرداری کو سینیٹر شپ کا حلف تک اٹھانے نہیں دیا۔ انہوں نے بھی نوازشریف کے جھوٹے مقدمات میں طویل اسیری کاٹی۔ آج بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے۔ دو سابق وزرائے اعظم کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے۔