سرکاری سکول پیف کے حوالے کرنے کیخلاف اساتذہ کی احتجاجی تحریک زور پکڑ گئی

سرکاری سکول پیف کے حوالے کرنے کیخلاف اساتذہ کی احتجاجی تحریک زور پکڑ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(خبر نگار) صوبے بھر کے اساتذہ کی سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے کرنے اور دیگر مطالبات پورے نہ ہونے پر شروع کی گئی احتجاجی تحریک نے زور پکڑ لیا ہے ، جس میں اساتذہ کی مختلف تنظیموں کے راہنماؤں نے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے اپنے الگ الگ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے پنجاب ٹیچرز یونین (قیصر گروپ) نے سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے کرنے اور دیگر مطالبات منظور نہ ہونے پر آج لاہور کے تعلیمی اداروں میں مکمل ہڑتال، پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب ٹیچرز یونین (کاظمی گروپ) نے 14مئی پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے (قیصر گروپ) کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر، متحدہ محاذ اساتذہ کے چیئرمین چوہدری تاج حیدر، چوہدری اللہ رکھا گجر، پیر زادہ رؤف اور وحید مراد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے کرنا تعلیم کے شعبہ کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ، جس میں پبلک کے امتحانات کا بہانہ بنا کر سکولوں کو پرائیویٹ پارٹنر شپ اور این جی اوز کے تحت چلانے کی سازش جاری ہے۔جس سے لاکھوں اساتذہ بے روزگار اور محکمہ تعلیم تباہ ہو کر رہ جائے گا، جس کے خلاف آج پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کر کے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین (کاظمی گروپ) کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی اور جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی جام صادق، چوہدری سرفراز اور سعید نامدار نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے نہیں ہونے دیا جائے گا اور پیف کے حوالے کئے گئے سکولوں کو سرکاری تحویل میں واپس لا کر دم لیا جائے گا، جس کے سلسلہ میں 14مئی کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر کے اساتذہ شرکت کریں گے، اس حوالے سے پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی، جام صادق، چوہدری محمد سرفراز، سعید نامدار، اسلم گھمن، افضل کیانی اور رحمت اللہ قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں سرکاری سکولوں کو پیف کے ذریعے پرائیویٹ پارٹنر اور این جی اوز کے حوالہ کرنا غیر دانشمندانہ اقدام ہے۔ جن سکولوں کار رزلٹ اچھا ہے اور عمارات بھی اچھی ہیں وہ سکول بھی پیف کو دئیے جا رہے ہیں۔سجاد اکبر کاظمی نے مزید کہا کہ نے کہاکہ سرکاری سکولوں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت ناکام بنانے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ راتوں رات اصطلاحات کو عملی جامہ پہنانے نے سرکاری سکولوں کے نظام کو تباہ کر رکھا ہے۔بے جا خط و کتابت ، معلومات کا حصول ، باربار اساتذہ کو دفاتر طلب کرنا جیسے اقدامات نے اساتذہ کی کارکردگی کو شدید متاثر کیا ہے۔اسی طرح پنجاب ٹیچرز یونین کے تیسرے دھڑے حافظ غلام محی الدین اور جنرل سیکرٹری کاشف شہزاد نے کہا کہ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف 16مئی سے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کے لئے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔

احتجاجی تحریک

مزید :

علاقائی -