طالبہ کا داخلہ منسوخ کرنے کیخلاف درخواست پر پرنسپل نرسنگ سکول سے تین ہفتوں میں جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نرسنگ سکول میں سکینڈ ایئر کی طالبہ کا داخلہ منسوخ کرنے کے خلاف درخواست پر پرنسپل نرسنگ سکول سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس شمس محمود مرزا نے طالبہ صبا ستار کی درخواست پر سماعت شروع کی تود رخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نرسنگ سکول کی انتظامیہ کی طرف سے طالبہ کا داخلہ منسوخ کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے ، انتظامیہ کا موقف ہے کہ طالبہ کے ایف ایس سی میں نمبر کم ہیں ، انہوں نے مزید موقف اختیا رکیا کہ طالبہ نے ایف ایس سی کا پہلا امتحان دیا جس میں نمبر کم آئے تاہم دوسرے امتحان میں زیادہ نمبر آئے جس کی بنیاد پر نرسنگ سکول میں داخلہ لیا ، انتظامیہ غلط فہمی کی بنیاد پر طالبہ کا داخلہ منسوخ کرنے جار ہی ہے ،یونیورسٹی کو داخلہ منسوخ کرنے سے روکا جائے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے پرنسپل نرسنگ سکول سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔