گلو بٹ کی سزا میں اضافے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

گلو بٹ کی سزا میں اضافے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت غیر ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کردار گلو بٹ کی سزا میں اضافے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرد ی ۔جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سرکاری وکیل خرم خان نے عدالت کو بتایا کہ گلو بٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے موقع پرکھلے عام ڈنڈوں سوٹوں کا استعمال کر کے خوف و ہراس پھیلایااور شہریوں کی گاڑیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ٹرائل عدالت نے گلو بٹ کو قوانین کے برعکس کم سزاء سنائی جو انصاف کے اصولوں کی نفی ہے۔ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گلو بٹ کے خلاف سیاسی دباؤ پر مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ٹرائل کورٹ نے بغیر ثبوت اور شہادتوں کے گلو بٹ کو مجموعی طور پر11سال کی سزاء اور 5لاکھ روپے جرمانے کا حکم سنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے یکطرفہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیاہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...