ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے بارے میں اپنے روئیے پر نظر ثانی کیلئے تیار

ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے بارے میں اپنے روئیے پر نظر ثانی کیلئے تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی ٹکٹ ہولڈر ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ آنے والے مسلمانوں کے مسئلے کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینے کیلئے ایک کمیشن بنانے کا سوچ رہے ہیں۔ ’’فوکس نیوز‘‘ ٹی وی چینل کے پروگرام ’’فوکس اینڈ فرنیڈز‘‘ میں انہوں نے جمعرات کے روز اپنے مخالف مگر ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال رائن سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے مختلف معاملات پر روشنی ڈالی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اپنے مخالف نیویارک کے سابق میئر روڈی جولیانی کو کمیشن کا چیئرمین بناسکتے ہیں۔ ٹی وی چینل کے تبصرہ نگار کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مسلمانوں کے بارے میں اپنے سخت رویئے پر نظرثانی کرنے کو تیار ہوگئے ہیں۔ ٹرمپ نے اسی انٹرویو میں بتایا کہ ’’صاف ظاہر ہے ہر طرف بہت سی بری باتیں ہو رہی ہیں اس لئے ہمیں پتہ لگانا ہوگا کہ کیا ہو رہا ہے اور ہمیں بہت محتاط بھی ہونا پڑے گا‘‘۔ ٹرمپ نے دہشت گردی کے حوالے سے اپنے مجوزہ کمیشن کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن اس کا سربراہ روڈی جولیانی کو بنانے کے ارادے سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ جولیانی کے نظریات پر غور کرنے کو تیار ہیں۔ جس وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کا ارادہ ظاہر کیا تھا اس وقت نیویارک کے سابق میئر نے اس پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے امریکی آئین کی پہلی ترمیم کی مکمل خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ جوڈی جولیانی نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ آپ کسی طبقے کے ساتھ امتیاز برتنے کیلئے مذہب کو بنیاد نہیں بناسکتے اور ویسے بھی یہ فرض کرنا حقیقت سے بعید ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت دہشت گردوں پر مشتمل ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -