دوبرس کے دوران دیہات میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے ، شہباز شریف
لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اورپنجاب حکومت نے شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ صحت عامہ کے حوالے سے بے حد اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا براہ راست تعلق لوگوں کی صحت سے جڑا ہوا ہے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس نے یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں اوراس ضمن میں مانیٹرنگ اورتھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیاہے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کے اس بڑے منصوبے کے تحت آئندہ دو برس کے دوران صوبے کے دیہات میں بسنے والے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،جس پر 117 ارب روپے کی خطیر رقم صرف کی جائے گی اورصوبے کے دیہات میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کاآغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیاجارہا ہے اوراس ضمن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کاابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اوردیہی علاقوں کے لئے متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے اوریہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے فلاحی اورتعلیمی پروگرامز میں 10فیصد زائد کوٹہ مختص کیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادو ں پر ایسے علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب صاف پانی پراجیکٹ کے تحت سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے جہاں سے لوگ پینے کا صاف پانی حاصل کریں گے جبکہ اور واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کیلئے سولر پینلز بھی لگائے جائیں گے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں بھی پانی کی فراہمی جاری رہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر پہلا اورآخری حق عوام کا ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ جیسے فلاحی منصوبے شروع کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے بھر پور وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ صاف پانی پراجیکٹ کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گااور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اس اہم منصوبے کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ جیسے منصوبے وسائل عوام پر خرچ کرنے کی اعلی مثالیں ہیں ۔پانی زندگی کی علامت ہے اورہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے ۔پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیزرفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کردے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سماجی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جا رہا ہے اورپنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح عوامی مفاد کے اس بڑے منصوبے پر بھی شفافیت ،معیار اورتیزرفتاری سے کام کیاجائے گا۔