نواز شریف کو تحائف دیتے پھر رہے ہیں ، حسینہ واجد بھارتی دباؤ پر قائدین کو پھانسیوں پر لٹکا رہی ہیں سراج الحق

نواز شریف کو تحائف دیتے پھر رہے ہیں ، حسینہ واجد بھارتی دباؤ پر قائدین کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ، راولپنڈی لاہور، فیصل آباد، سرگودھا،(اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے لاہور میں مسجد شہداء کے سامنے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر مولانا مطیع الرحمن نظامی کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کرائی، ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ لاہور ،ملتان ،روالپنڈی ،اسلام آباد،فیصل آباد،سرگودھا،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے اور غائبانہ نمازجنازہ اداکی گئیں ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں نے مولانا مطیع الرحمن نظامی کو بچانے کے لیے آخری لمحہ تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ۔ میں نے وزیراعظم ، وزیر داخلہ سمیت حکومتی زعما اور وزراء سے بار ہار ملاقاتیں کیں اور درخواست کی کہ حسینہ واجد بھارتی دباؤ پر ہمارے قائدین کو پھانسیوں پر لٹکا رہی ہے ، جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا صرف ایک ہی جرم ہے کہ انہوں نے پاکستان کو بچانے کی کوشش کی لیکن حکومت پاکستان ٹس سے مس نہیں ہوئی ، میں نے ایران ، سعودی عرب ، یمن اور جرمنی سمیت مسلم و غیرمسلم ممالک کے سفیروں سے بھی ملاقاتیں کر کے انہیں اس ظلم کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز بلند کرنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان آگے بڑھے اور مسئلے کو عالمی فورم پر اٹھائے تو ہم ہر جگہ ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں مگر پاکستانی حکمرانوں کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی نے مطیع الرحمن نظامی اور ان سے قبل پاکستان کی محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکائے جانے والوں کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہاکہ امریکی و اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ مطیع الرحمن نظامی کی شہادت بنگلہ دیش میں اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ حسینہ واجد کا باپ شیخ مجیب الرحمن پاکستان کا غدار تھا جس نے ملک توڑنے کی سازش کی اوربھارتی فوج کو اپنی مدد کے لیے بلایا جبکہ مولانا مطیع الرحمن نظامی اور ان کے ساتھی تو محب وطن تھے جنہوں نے پاکستان جو ان کا ملک تھا ، کو بچانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہاکہ حسینہ واجد بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے راہنما علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ حکمران اپنی کرپشن بچانے کے لیے بڑی تگ و دو کر رہے ہیں مگر پاکستان پر جانیں نچھاور کرنے والوں کے لیے زبان کھولنے کو تیار نہیں۔احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، اسد منظور بٹ ، عبدالرحمن انصاری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ ادھر بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کوپھانسی دیئے جانے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت لاہور،ملتان،روالپنڈی،اسلام آباد،فیصل آباد،سرگودھا،ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے اور غائبانہ نمازجنازہ اداکی گئیں۔احتجاجی مظاہروں سے میاں مقصود احمد اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ اول -