، سنگین غداری کیس ، خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے دیا

، سنگین غداری کیس ، خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(آن لائن) خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اردواور انگزیری اخبارات میں پرویزمشرف کے اشتہاری ہونے کے اشتہار شائع کرنے کا حکم دیدیا،مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز خصوصی عدالت میں جسٹس میاں مظہر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی،جس میں پرویز مشرف کے ضمانتی راشد قریشی اور جوائنٹ سیکرٹری داخلہ مبارک خان بھی پیش ہوئے جبکہ راشد قریشی کے ضمانتی مچلکوں کی زرضمانت 25 لاکھ روپے بھی جمع کرائی گئی۔سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے وارنٹ تعمیل کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے لاہور اور کراچی میں ان کی رہائشگاہ پر چھاپے مارے گئے لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھے اور معلوم ہوا کہ وہ ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ کی روشنی میں سابق صدر پرویز مشرف کو مفرور قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ میڈیا میں اشتہاردیے جائیں کہ پرویزمشرف اشتہاری اور مطلوب ہیں اور اس کے ساتھ اردواور انگزیری اخبارات میں پرویزمشرف کے اشتہاری ہونے کے اشتہار دیے جائیں جو ان کے لاہور اور اسلام آباد میں گھروں کے باہر بھی لگائے جائیں۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے 30 روز کی مہلت دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی تمام تفصیلات طلب کرلیں، عدالت میں پیش نہیں ہوتے تو ان کی جائیداد کی قرقی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا، خصوصی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی ہے

سنگین غداری کیس