سیاسی جماعت کے 2ٹارگٹ کلرز 90روز کیلئے رینجرز کے حوالے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 2ٹارگٹ کلرز کو 90روز ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کی15 دن میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم جاری کیا ہے ۔بدھ کو رینجرز کی بھاری نفری نے سخت سکیورٹی میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے وحید حسن اور عابد علی کو سندھ ہائی کورٹ کی منتظم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا ۔رینجرز کے لاء آفیسر نے بتایا کہ ملزمان ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوان سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا ان کو تین ماہ کے لیے رینجرز کی تحویل میں دیا جائے ۔عدالت نے رینجرز کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 90روز کے لیے رینجرز کے حوالے کردیا ہے ۔