علی حیدر گیلانی کی واپسی متحدہ کی یوسف رضاگیلانی کو مبارکباد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سابق وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی باحفاظت واپسی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ پر اور آپ کے اہل خانہ پر اپنا کرم کیا اور ایک طویل عرصے تقریبا3سال تک آپ کا بیٹا آپ سے بچھڑا رہا جو ،اب صحیح سلامت بازیاب ہوگئے ہیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی قسمت اللہ تعالیٰ نے ہیرے اور سونے سے لکھی ہے جبکہ مہاجروں کی قسمت نہ جانے کس کچی سیاہی سے لکھی ہے کہ مہاجر مائیں اپنے لخت جگروں کے بچھڑنے پر رو رو کر اپنی آنکھیں تک گنوا بیٹھی ہیں اور کچھ اپنے بیٹوں کے ملنے کی آس کی امیدیں لئے انتظار کرتے کرتے اس دنیا سے رخصت ہوچکی ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے یوسف رضا گیلانی اور ان کے اہل خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا بیٹا آپ کو سلامت ہو ، ان کی بحفاظت واپسی مبارک ہو اور ہم بھی آپ کی اس خوشی میں شریک ہیں ۔