خرم ذکی کے قاتلوں کوقانون کے کٹہرے میں لائینگے،قیو م سومرو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف سماجی شخصیت خرم ذکی کا قتل کا معاملہ،سندھ کے مشیربرائے مذہبی امور ڈاکٹرقیوم سومرو نے شیعہ علما ئے کونسل سندھ کے صدر مولانا ناظر تقوی اور دیگر سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر انہوں نے علمائے کرام سے خرم ذکی کے قتل پر تعزیت بھی کی۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر قیوم سومرونے کہاکہ یہاں آمد کا مقصد خرم ذکی شہید کی تعزیت کرنا تھا۔انہوں نے کہاکہ قاتل کتنے ہی طاقتورکیوں نہ ہوں سندھ حکومت انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔وعدہ ہے کہ جتنا جلدی ہو قاتل گرفتار اور بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔ہماری کوششوں کا مقصد صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا تھا۔انہوں نے کہاکہ مذہب کی بنیاد پر نفرت کو کچلا جارہا ہے،ایک ماہ سے حالات میں آنے والی خرابی دور کرکے رہیں گے۔ڈاکٹرقیوم سومرو نے کہاکہ ’’را‘‘ ملک بھر میں بالخصوص کراچی میں اب بھی فعال ہے،مذہبی منافرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔’’را‘‘ نے کوئی اور نہیں بلکہ ہم ہی میں سے لوگ خرید رکھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں بھی دہشت گرد ہوں گے حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے گی اورجلد اچھے نتائج ملیں گے۔ شیعہ علمائے کونسل سندھ کے صدرمولانا ناظر تقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ خرم ذکی کا قتل فرقہ واریت نہیں بلکہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قومی ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد کی ضرورت ہے۔دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہشہر میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک اب بھی موجود ہے اورخرم ذکی کا قتل اس بات کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ماہ میں شہر میں ہمارے مکتبہ فکر کے چار افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ناظر تقوی نے کہاکہ خرم ذکی کے قتل میں نامزد افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کی جائے،امید کرتے ہیں کہ خرم ذکی کے قاتلوں کو گرفتار ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ جمعہ کوخرم ذکی اور دیگر کے قتل پر سند ھ بھر میں پرامن احتجاج کریں گے