لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، انجینئر نجیب ہارون

لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، انجینئر نجیب ہارون

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ممبر سیاسی کمیٹی انجینئر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں بجلی کے بلا تعطل فراہمی اہلیان کراچی کے لیے خواب بن کر رہ گیا ہے ، گرمی میں اضافہ ہوتے ہی شیڈول سے ہٹ کر لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے ،کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے متعدد علاقوں میں ڈھائی گھنٹے کی 4بار لوڈ شیڈنگ کے باوجود رات میں بجلی بند کردینا اہلیان کراچی کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما سلطان احمد کی قیادت میں ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آئے ہوئے وفود نے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر سیف الرحمن، قادری بھائی، نعیم شیخ ، آصف خٹک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی واٹر بورڈ انتظامیہ کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں پانی کا شدید بحران بھی پیدا ہوگیا ہے ۔ کراچی واٹر بورڈ اور کے الیکٹر ک دونوں محکمے موسم کے ہاتھوں بے حال شہریوں پر کاری ضربیں لگارہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ کا راگ الاپنے والے سیاسی اسکورنگ میں اس قدر مصروف ہیں کہ شہری بلبلا رہے ہیں اور حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ انجینئر نجیب ہارون نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ ہوش کے ناخن لیں اور اپنا قبلہ درست کریں اگر اہلیان کراچی سڑکوں پر نکل آئے تو عوام کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا اور ایسے میں حالات کے خرابی کی تمام تر ذمہ داری کے الیکٹرک انتظامیہ پر ہی عائد ہوگی ۔