بینظیر بھٹو قتل کیس،ڈی ڈی ایف آئی اے پر جرح مکمل

بینظیر بھٹو قتل کیس،ڈی ڈی ایف آئی اے پر جرح مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد قریشی پر وکلاء کی جرح مکمل ہونے پر سماعت 16مئی تک ملتوی کر دی ، آئندہ تاریخ پیشی پر عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے دائر گواہوں کی طلبی کے متعلق متفرق درخواستوں پر بحث کی جائے گی، گزشتہ روز عدالت نے بے نظیر قتل کیس کی سماعت شروع کی تو بتایا گیا کہ گواہ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد قریشی پر ملک رفیق ایڈووکیٹ جرح کریں گے جنہوں نے جرح مکمل کی تو عدالت نے سماعت ملتوی کر دی ، آئندہ تاریخ پیشی 16مئی کو عدالت میں گواہوں کو طلب کرنے کے متعلق متفرق درخواستوں پر بحث کی جائے جس کے بعد گواہوں کو طلب کیا جائے گا،متفرق درخواستیں ایف آئی اے نے دائر کر رکھی ہیں، سماعت کے موقع پر سابق سی پی او سعود عزیز ، سابق ایس پی راول ڈویژن خرم شہزاد وڑائچ ، وکلاء موجود تھے، ملزمان رفاقت وغیرہ کو بھی سخت حفاظتی اقدامات میں پیش کیا گیا، واضع رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو 27دسمبر 2007ء کو لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرکے واپس جا رہی تھیں کہ چوک میں خود کش دھماکہ ہو گیا جس میں بے نظیر سمیت پیپلز پارٹی کے متعدد کارکن شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے ، سانحہ کا مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے درج کرکے کارروائی شروع کی ۔