کوہاٹ ،پولیس مقابلہ میں 1 ڈاکو ہلاک ،گینک کے 4 ارکان گرفتار

کوہاٹ ،پولیس مقابلہ میں 1 ڈاکو ہلاک ،گینک کے 4 ارکان گرفتار

کوھاٹ (بیورورپورٹ) کوہاٹ شادی پور میں طویل پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور مسلح گینگ کے چار ارکان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کیساتھ فائرنگ تبادلہ کے بعد گرفتار ہونے والے بین الاضلاعی ڈکیت گروہ کے ارکان دیگر کئی وارداتوں میں خیبر پختونخوا پولیس کو مطلوب ہیں۔کوہاٹ پولیس حکام کے مطابق تھانہ گمبٹ کے دورافتادہ علاقہ شادی پور کی پہاڑوں میں مسلح ڈاکوؤں کے ایک گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گمبٹ محمد جاوید نے پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر دو ڈاکوؤں گلی من شاہ اور امجد خان کو حراست میں لیکر تھانہ گمبٹ منتقل کردیا جہاں ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمان نے نظام پور روڈ پرلوگوں کو لوٹنے کی وارداتوں کااعتراف کرتے ہوئے دیگر ساتھیوں کی علاقے میں موجودگی کا انکشاف کرلیا۔ملزمان کے نشاندہی پر پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او محمد جاوید کی سربراہی میں دوبارہ کاروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو علاقہ شادی پور سے ملحقہ خواجہ پیالہ کی پہاڑوں میں چھپے ڈاکوؤں نے دیکھتے ہی پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور کوہاٹ کے سنگم پر واقع ضلع نوشہرہ کی طرف راہ فرار اختیار کیاتاہم اے ایس آئی وقار احمدنے پولیس پارٹی کے ہمراہ تعاقب کرتے جوابی کاروائی کے طور پر فائرنگ شروع کی اور کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو نیاز علی شاہ ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ تبادلہ کے بعد مسلح ڈکیت گروہ کے مزید دو ارکان سید زرین اور حنان گل کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس نے گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے جن میں ایک ایس ایم جی (کلاشنکوف)، ایک 303بور رائفل ،تین پستول اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو ؤں کا ایک ساتھی گلی من شاہ نوشہرہ پولیس کو راہزنی اور قتل واقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ ڈکیت گینگ کے دیگر گرفتار افراد بھی خیبر پختونخوا پولیس کو ڈکیتی ،رہزنی ،مویشی چوری،سٹریٹ کرائمز اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ہیں۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں کوہاٹ اور نوشہرہ کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی اس طرح کی وارداتیں کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔پولیس کی اس کامیاب کاروائی پر نظام پور ،شادی پوراور گمبٹ کے عوام نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی میں پولیس کیساتھ بھر پور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔ڈکیت گروہ کے خلاف پولیس کاروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اختر حیات خان گنڈا پور نے کاروائی میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...