طور خم بارڈر پر صورتحال دوسرے روز بھی کشیدہ، پاک افغان افواج آمنے سامنے، تازہ دم دستے، ٹینک بھی پہنچا دئیے
خیبر ایجنسی (ویب ڈیسک) پاک افغان بارڈر طورخم پر حالات نے سنگین صورتحال اختیار کر لی, بارڈر دوسرے روز بھی بند رہا۔ افغان حکام نے فورسز کی بھاری نفری اور اسلحہ بارڈر پر پہنچا دیا۔ تازہ دم دستوں سمیت ٹینک بھی لے آئے جس کے ردعمل میں پاکستانی حکام نے بھی بارڈر کو محفوظ بنانے کے لئے ٹینک بارڈر پر پہنچا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق طورخم میں باڑ لگانےسے پیداہونے والی صورتحال سنگین شکل اختیار کر گئی، بارڈر پر دونوں پاکستان اور افغانستان فورسز کے اہلکار آمنے سامنے مورچہ زن ہیں جس کے باعث سرحد دوسرے روز بھی بند رہی، افغان حکام کا موقف ہے کہ پاکستان باڑ نہیں لگائے گا جبکہ پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ جب تک باڑ نہیں لگائی جائے گی تب تک گیٹ نہیں کھولا جائے گا ، افغان حکام نے کابل اور جلال آباد سے فورسز کی بھاری نفری پر مشتمل تازہ دم دستے اور ٹینک بارڈر پر پہنچا دیئے جس کے ردعمل میں پاکستان کی طرف سے بھی بارڈر کو محفوظ بنانے کے لئے ٹینک طورخم پہنچا دیئے جہاں پر دونوں ممالک کی فورسز آمنے سامنے آ گئیں۔
اخبار روزنامہ خبریں کے مطابق پاک افغان بارڈر طورخم کی بندش سے ہزاروں مسافروں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس میں متعدد خواتین بچوں اور بوڑھوں نے لنڈی کوتل بازار اور طورخم کی سڑکوں پر رات گزاری۔ واضح رہے کہ جلال آباد سے آئے ہوئے وفد کے ساتھ پھر مذاکرات ناکام ہو گئے جس کی وجہ سے آخری اطلاع آنے تک طورخم بارڈر بند رہا۔