این آر او سے مستفید نہیں ہوا پھر بھی نشانہ بنایا گیا، علی حیدر گیلانی جس طرح بچ کر آئے وہ معجزہ ہی ہے: یوسف رضا گیلانی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ این آر او سے مستفید ہونے والوں میں شامل نہیں تھے پھر بھی انہیں وزارت عظمیٰ کے دوران نااہل قرار دیدیا گیا اور اب میرے اوپر 28 کے قریب کیس ہیں۔ علی حیدر گیلانی جس طرح بچ کر آئے وہ معجزہ ہے، مشترکہ کارروائی پر امریکی اور افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کے مشکور ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ این آر او سے 8000 افراد کو فائدہ پہنچا لیکن نشانہ صرف مجھے بنایا گیا اور وزارت عظمیٰ کے دوران نااہل قرار دیدیا گیا حالانکہ میں این آر اوز سے مستفید ہونے والوں میں شامل نہیں تھا۔ اب میرے اوپر 28 کے قریب کیس ہیں اور عدالتوں کی پیشیاں بھگت رہا ہوں، 19 مئی کو کراچی میں پیشی ہے پہلے وہاں جاﺅں گا۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی بالکل صحت مند ہیں اور جس طرح بچ کر آ گئے ہیں وہ معجزہ ہی ہے۔ امریکی اور افغانی فورسز کے مشکور ہیں جنہوں نے مشترکہ آپریشن کر کے انہیں بازیاب کرایا اور اس آپریشن کے دوران القاعدہ کے اہم دہشت گردوں کو بھی مارا۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد متعدد رہنماﺅں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا بھی گزشتہ روز فون آیا جبکہ شہباز شریف نے بھی فون کر کے مبارکباد دی اور ملتان آنے کا کہا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کچھ دیر میں آئیں گے جبکہ اعتزاز احسن سمیت دیگر رہنماﺅں کے ٹیلی فون اور پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی نے بتایا ہے کہ انہوں نے کتاب لکھنے کیلئے نوٹس تیار کئے تھے لیکن انہیں جلا دیا گیا جس کے باعث ان کا کام ضائع ہو گیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کے رہنماﺅں کا اجلاس کل بلاول ہاﺅس میں ہو گا۔
روزنامہ پاکستان کی خبریں اپنے ای میل آئی ڈی پر حاصل کرنے اور سبسکرپشن کیلئے یہاں کلک کریں
پانامہ لیکس کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اپوزیشن اپنا موقف پارلیمینٹ میں پیش کرے گی جبکہ وزیراعظم نواز شریف بھی اپنا موقف پارلیمینٹ میں پیش کریں گے۔