مطیع الرحمان کو غیر قانونی طور پر پھانسی دی گئی ،اس معاملے پر پاکستانی حکومت نے بے حسی کا ثبوت دیا :چوہدری شجاعت
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیر اعظم اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں مطیع الرحمان کو غیر قانونی طور پر پھانسی دی گئی،اس معاملے پر پاکستان حکومت نے بڑی بے حسی کا ثبوت دیا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا پاکستان نے مطیع الرحمان کی پھانسی رکوانے کے لیے سنجیدہ کوشش نہیں کی ،وہ بنگلہ دیش کے پرانے اور تجربہ کار رکن اسمبلی تھے اور متعدد مرتبہ عوامی لیگ کے مقابلہ میں بھاری اکثریت سے جیتے ۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ اگر 1971میں مولانا مطیع الرحمان نے عوامی لیگ اور مکتی باہنی کا ساتھ نہیں دیا تھا تو یہ کوئی جرم نہیں تھا ،مشرقی پاکستان پر اس وقت پاکستانی قانونی عملد اری تھی اور پوری دنیا اس کو تسلیم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا ایک محب الوطن شہری کی حیثیت سے مولانا مطیع الرحمن نظامی کو یہ حق حاصل تھا کہ وہ پاکستان کو بچانے کیلئے شروع کئے گئے فوجی آپریشن کی حمایت کریں اور اس کے ساتھ تعاون کریں۔