پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام انشورنس ڈے پر تقریب کا انعقاد
لاہور ( نیوز رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام ریجنل کمیٹی انشورنس ایسو سی ایشن نارتھ کے اشتراک سے انشورنس ڈے پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کا مقصد نوجوان نسل کو انشورنس اینڈ رسک مینجمنٹ کے شعبہ میں نئے رجحانات بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پرڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان،چیئرمین ریجنل کمیٹی انشورنس ایسو سی ایشن محمد سعید، فیکلٹی ممبران اور طلباﺅ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر مبشر منور خان نے شعبہ انشورنس کے مختلف پہلوﺅں پر سیر حاصل گفتگوکرتے ہوئے کم ریٹ عوامل کی وجوہات بتائیں اور شعبہ کی بہتری کےلئے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے انڈسٹری اور اکیڈیما کے مابین روابط کومزید فروغ دینے اور مستقبل میں شعبہ انشورنس کے ایگزیکٹو زکےلئے نصاب تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالی اور انشورنس ایسو سی ایشن آف پاکستان پر اعتماد کا اظہارکرنے کے ساتھ کالج آڈیٹوریم کی تزئین وآرائش کےلئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین ریجنل کمیٹی آف انشورنس ایسو سی ایشن محمد سعید نے انشورنس اینڈ رسک مینجمنٹ کے مضمون کی بہتری کےلئے اقدامات پر ڈاکٹر مبشر منور خان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو متعلقہ مضمون میں جدید تعلیمی تقاضوں کےلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے کیفی صدیقی، شایان، عثما ن ، عماد ، خدیجہ سعید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں شعبہ تعلیم بالخصوص انشورنس کے مضمون کی ترقی کےلئے خدمات پرمحمد اسحاق خان کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔