میگاایونٹ میں محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت ناگزیر

میگاایونٹ میں محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت ناگزیر
میگاایونٹ میں محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت ناگزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے میں محض چند روز باقی ہیں اور قومی کرکٹ ٹیم اس وقت انگلینڈ کے ساتھ سیریز میں مصروف ہے۔یہ سیریز قومی ٹیم کی پریکٹس کے لیے ایک بہترین موقع ہے ۔کیا قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آئی سی سی چیمپئن ٹرافی والی تاریخ دہرا کر قوم کے لیے ورلڈ کپ حاصل کر سکیں گے؟کیا وہ ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے بفرزون میں سجا سکیں گے ؟یہ انتہائی کٹھن سوالات ہیں ۔ جن کے جوابات یا تو کرکٹ بورڈ دے سکتا ہے یا سلیکشن کمیٹی ۔

اس سے قبل قومی ٹیم ایک دفعہ عمران خان کی قیادت میں موت کے منہ سے فتح چھین کر لائی تھی۔اس وقت قومی ٹیم تقریباً نئے اور پرانے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی جنہوں نے وہ کر کے دکھایا کہ آج تک قومی ٹیم کے وہ کھلاڑی ہمارے لیے باعث افتخار ہیں۔بات ہو رہی ہے سرفراز احمد کی تو انہیں چاہیے کہ اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی لاتے ہوئے نمبر چار یا چانچ پر کھیلیں اس کے ساتھ ٹیم کے چناﺅ میں جلد بازی کی بجائے پچ اور کنڈیشن کو مد نظر رکھا جائے۔تا کہ کھلاڑی وہاں پرفارمنس دے سکیں۔محمد عامر اس وقت قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے موجود ہیں ۔

اگر بات کی جائے محمد عامر کے کیرئر کی تو شاید ہمیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ محمد عامر پانچ سال کی پابندی کے بعد دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آئے اور آتے ہی انہوں نے جیسی پرفارمنس دی وہ سب کے سامنے ہے ۔چمپئن ٹرافی کا فائنل کس کو یاد نہیں ان کی اس پرفارمنس سے پوری دنیا میں ان کے چاہنے والوں میں مزید اضافہ ہوتا چلا گیا۔لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسے اہم کھلاڑی کو انگلینڈ کے ساتھ سیریز میں شامل کیا جائے اور ورلڈ کپ کے لیے نہیں تو پھر کیا کیا جا سکتا ہے ہماری سلیکشن کمیٹی کا اپنا فیصلہ ہے ۔حالانکہ قومی ٹیم کے سابقہ لیجنڈز نے ان کی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے سلیکشن نا ہونے پر ان کے حق میں آواز اٹھا دی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا سلیکشن کمیٹی انہیں ورلڈ کپ کےلیے قومی ٹیم میں شامل کرتی ہے یا نہیں۔

مکی ارتھر ہمارے قومی کوچ ہیں۔ان کی اور ان کے کوچنگ سٹاف کی ماہانہ تنخواہیں اتنی ہیں جتنا وہ کام کرتے نظر نہیں آتے ۔حالانکہ وہ چاہتے تو محمد عامر کی فٹنس سے متعلق بورڈ کو آگاہ کرتے تا کہ بورڈ ماضی کی طرح شعیب اختر پر لگانے والے پیسوں کو ان پر بھی خرچ کر سکے ۔لیکن مجال ہے جو مکی آرتھر نے اس طرف توجہ دی ہو ۔اور دے بھی نہیں سکتے کیونکہ عامر مکی کو ایک آنکھ نہیں بھاتے ۔محمد عامر قومی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی ہیں جن کی قومی ٹیم میں شمولیت بہت اہم ہے ۔اس کے لیے کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی سمیت کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف عمران خان کو سوچنا ہو گا کیونکہ محمد عامر کی اس وقت ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو اشد ضرورت ہے اور یہ کڑوا سچ ہے کہ اگر آج اہم فیصلے بر وقت نا کیے تو اگلے چانچ سال انتظار کر نا پڑے گا۔

مزید :

رائے -کالم -