ٹریننگ کالج کی درس قرآن ونعت کمیٹی کے زیر اہتمام ”محاسبہ ذات اور احساس ذمہ داری “ کے موضوع پر لیکچر کا اہتمام

ٹریننگ کالج کی درس قرآن ونعت کمیٹی کے زیر اہتمام ”محاسبہ ذات اور احساس ذمہ ...

لاہور(جنرل رپورٹر) کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ کی ہدایت پر ٹریننگ کالج کی درس قرآن ونعت کمیٹی کے زیر اہتمام زیر تربیت افسران سمیت پولیس ٹریننگ کالج کے ملازمین کی شخصیت سازی کے لئے ”محاسبہ ذات اور احساس ذمہ داری “ کے موضوع پر ایک لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس کے لئے مذہبی اسکالر محمد رضا ثاقب مصطفائی کو گوجرانوالہ سے مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے اپنے لیکچر میں خود احتسابی کے پہلو کو اُجاگر کرتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران ذمہ دارانہ رویہ کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔

انہوں نے خاص طور پر فکر آخرت اور دنیا کی بے ثباتی کے موضوع پر دلائل سے سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے پولیس کے زیر تربیت افسران کو یہ احساس دلایا کہ ایک دن ہم سب سے اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش ہونا ہے اور اپنے اعمال کا حساب دینا ہے۔ لہذا ہمیں ہمہ وقت اسی کے بنائے ہوئے اصولوں اور قاعدہ قانون کی پیروی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روز آخرت کوئی کسی کا بوجھ نہیں اُٹھائے گااور اپنے اعمال کا ہرکوئی شخص خود ذمہ دار ہو گا اس لئے افسران کو چاہئے کہ دوران سروس کسی کے بھی کہنے پر ایسا کوئی کام نہ کریں جو قوانین کے خلاف ہو اور اس کی اجازت ان کا ضمیر نہ دیتا ہو ۔ زیر تربیت افسران نے محاسبہ نفس اور احساس ذمہ داری کے موضوع پر ہونے والی گفتگو کو دلجمعی سے سنا اور لیکچر کے اختتام پر مختلف سوالات بھی کئے ۔ مذہبی اسکالر محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کمانڈنٹ پولیس کالج مرزا فاران بیگ کی طرف سے دین کی خدمت کے سلسلہ میں اُٹھائے گئے ان اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پولیس کالج لاہور کی دین و دنیاوی ترقی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس کالج لاہور ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں جہاں افسران کو پروفیشنل مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جاتے ہیں اور جدید پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے وہیں ہم نصابی سرگرمیوں کے طور پر اخلاقی تربیت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہاکہ ان افسران نے فیلڈ میں جا کر اپنے فرائض سر انجام دینے ہیں اس لئے ان کی پبلک ڈیلنگ سمیت اخلاقی تربیت اور شخصیت سازی بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کالج میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو زیر تربیت افسران پر مشتمل ہیں اور ان کمیٹیوں کے زیر اہتمام مختلف سیمینارز اور تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس تقریب کے اختتام پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج مرزا فاران بیگ نے محمد رضا ثاقب مصطفائی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یادگاری شیلڈ بھی دی۔

مزید : علاقائی