سابق صدر نیشنل بینک سمیت 8ملزموں کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس سماعت کیلئے منظور
کراچی(آئی این پی ) سابق صدر نیشنل بینک علی رضا سمیت 8ملزموںکےخلاف ایک اور نیب ریفرنس دائر کر دیا گیا، احتساب عدالت نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کر لیا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا کے خلاف نیشنل بینک بنگلہ دیش میں 18ارب روپے خورد برد کیس کے بعد ایک اور ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔علی رضا سمیت 8 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے، عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے 30 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر سی بی اے سوفٹ وئیر پروجیکٹ میں کرپشن کا الزام ہے، جس کمپنی کو سافٹ وئیر کا ٹھیکا ملا اس نے مقررہ مدت میں کام مکمل نہیں کیا، تاخیر سے منصوبے کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گیا تھا۔قومی احتساب بیورو کے ریفرنس کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو 3 ارب 98 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔
نیب ریفرنس