قبائلی اضلاع خصوصا شمالی وزیرستان کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، محمود خان

قبائلی اضلاع خصوصا شمالی وزیرستان کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، محمود ...

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی کے تاجر برادری کے ایک نمائندہ وفد سے وزیر اعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ملاقات کی ہے۔جس میں وزیر اعلی کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں میرعلی بازار میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا ہے وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ ریلیف اینڈ ریہیبلیٹیشن کو ہدایات جاری کیں کہ ہنگامی بنیادوں پر وفاقی محکمہ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے نقصانات کی رپورٹ حاصل کریں جس کے بعد مذکورہ نقصانات کی تخمینہ لگا کر رپورٹ انہیں پیش کریں۔وزیراعلی نے کہا کہ اس رپورٹ کو ایک خصوصی کابینہ اجلاس کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ وفاقی حکومت سے اس مد میں نقصانات کے ازالے کے لئے مذکورہ فنڈز کا اجراءممکن بنایا جاسکے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے لوگوں نے ملک کی خاطر بھی مثال قربانیاں دی ہے۔دہشت گردی کی جنگ میں یہاں پر لوگوں کے جتنے بھی نقصانات ہوئے ہیں حکومت وقت ان کا ازالہ ہر حال میں ممکن بنائے گی۔شمالی وزیرستان کے لوگوں کو جلد ریلیف دیں گے۔وزیر اعلی نے نقصانات کے ازالہ کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے جلد اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو میرعلی میں تاجر برادری کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد وفاق سے بھی بات کریں گے اور وفاقی حکومت سے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش بھی کریں گے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ وہ پورے قبائلی اضلاع خصوصاََ شمالی وزیرستان کے لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیر اعلی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات بروقت حل کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر افتخار درانی، وزیراعلی کے مشیر برائے قبائلی اضلاع وصوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر، سیکرٹری ریلیف عابدمجید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : صفحہ اول