وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا احساس ہی الگ تھا، فخر زمان نے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ویب ڈیسک) گزشتہ ہفتوں قومی کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور اب اس ملاقات کے بارے میں قومی کرکٹر اور اوپنر فخر زمان نے اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فخرزمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا احساس ہی الگ تھا،قومی کرکٹر کے حوصلے جوان ہوگئے۔اوپنر نے کہا کہ عمران خان قومی ہیرو ہیں،تمام کھلاڑی ان سے ملاقات کے حوالے سے بڑے پر جوش تھے،ایک گھنٹہ تک بات ہوئی،سابق کپتان نے قیمتی مشورے دیئے، قومی کرکٹرز کا حوصلہ بڑھا اور ملک کیلیے کچھ کردکھانے کا جوش پیدا ہوا،اس ملاقات کا احساس ہی الگ تھا۔
رپورٹ کے مطابق فخرزمان نے گھٹنے کی انجری سے مکمل طور پر نجات پالی،اوپنر کا کہنا ہے کہ پی سی بی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے دوران گھٹنے میں تکلیف کا احساس ہوا، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کے دوران اس مسئلہ سے بھی نجات پالی،اب مکمل طور پر فٹ اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کی فتوحات کا راستہ بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔