سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر

سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ...
سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی.

سفارت خانہ پاکستان کے چانسری ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں کے علاوہ ادبی حلقوں اور مذہبی جماعتوں کے ارکان بھی موجود تھے اس کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ دیگر سفارتی افسران نے بھی میزبانی کے فرائض احسن انداز میں سرانجام دئیے اور بھرپور اپنانیت کا احساس دلاتے ہوئے کمیونٹی ممبران کو خوش آمدید کہا .

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد جہاں ملکر رمضان المبارک کے حوالے سے مبارکباد دینا تھی وہیں پر باہمی مسائل پر گفتگو کرنا بھی تھا تاکہ ہم ملکر مسائل کو حل کر سکیں اور کمیونٹی کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں جبکہ کمیونٹی ممبران نے بھی سفیر پاکستان کی کاوش کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے جہاں مل بیٹھنے کا موقع میسر آتا ہے وہیں پر ایک دوسرے کے مسائل کو جاننے اور ان کو حل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے.

تقریب کے اختتام پر وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا بھی کی گئی جبکہ پرتکلف افطار ڈنر بھی دیا گیا۔

مزید : عرب دنیا