بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز؛امپائر کی جانبداری سے پاکستان یقینی گولڈ میڈل سے محروم
ساؤ پالو(ڈیلی پاکستان آن لائن) امپائر کی طرف سے جانبداری برتنے کی وجہ سے پاکستان بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز میں یقینی گولڈ میڈل سے محروم ہوگیا۔برازیل میں منعقدہ بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز کے فائنل میں پاکستانی ریسلر انعام بٹ کا مقابلہ جارجیا کے پہلوانوں سے تھا۔ مقابلے کے دوران امپائر کی کھلی جانبداری دیکھی گئی جس کے نتیجے میں انعام بٹ کو 0-2 سے غیر یقینی شکست ہوئی،اس پر انعام بٹ نے سلورمیڈل حاصل کیا۔پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے کہا ہے کہ ریفری کافیصلہ میرے خلاف گیاجس کی وجہ سے پوائنٹ میرے خلاف گیا،ایک روزپہلے جس ٹیکنیک کی اجازت دی گئی تھی وہ ہی آزمائی لیکن فیصلہ میرے خلاف گیا،انعام بٹ نے کہا کہ عالمی تنظیم سے ریفری کے فیصلے کی شکایت کردی، یونائیٹڈ ورلڈریسلرمعذرت خواہ بھی رہا۔
پاکستانی پہلوان کا کہناہے کہ پاکستان کویقینی گولڈمیڈل سے محروم کردیاگیا،اللہ کاشکرہے کہ سلورمیڈل جیتااورورلڈبیچ گیمزکیلئے کوالیفائی بھی کرلیا،انعام بٹ نے کہا کہ ورلڈبیچ گیمزمیں جگہ بنانےوالاواحدپاکستانی ہوں،انہوں نے پنجاب سپورٹس بورڈکابھی شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے میری مدد کی،انعام بٹ کا کہنا تھا کہ میڈل میری طرف سے قوم کیلئے تحفہ ہے،پوری قوم کاشکریہ کہ انھوں نے میرے لیے دعائیں کیں۔ادھر قومی کرکٹر وہاب ریاض نے سوشل میڈیاپرانعام بٹ کومبارکبادکاپیغام دیا،وہاب ریاض نے انعام بٹ کو پیغام میں کہا کہ سلورمیڈل جیتنے پرآپ کومبارکباد ،پاکستان کوآپ پرفخرہے۔