پلاٹ کیس،میر شکیل الرحمن کی ضمانت بعدازگرفتاری کیلئے درخواست دائر

پلاٹ کیس،میر شکیل الرحمن کی ضمانت بعدازگرفتاری کیلئے درخواست دائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن نے پلاٹ کیس میں ضمانت بعدازگرفتاری کے لئے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی،مسٹرجسٹس سرداراحمد نعیم اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل ڈویژن بنچ آج 12مئی کو اس درخواست کی سماعت کرے گا۔امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست ضمانت میں میر شکیل الرحمن نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں 12مارچ 2020ء کو گرفتارکیا گیا،وہ 28اپریل تک 46 روز نیب کی حراست میں رہے،تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیاگیا، نیب کے پاس درخواست گزارکے خلاف کارروائی کے لئے شواہد موجود نہیں ہیں، میر شکیل الرحمن کو نیب نے شکایت کی تصدیق کی سطح پر گرفتار کیا،میر شکیل الرحمن کو کوئی سوالنامہ بھی فراہم نہیں کیاگیا،ان کے خلاف 34 سال پرانا کیس کھولا گیا، 20 سال نیب نے بھی کچھ نہیں کیا، یہ نیب کا کیس نہیں بنتا، سارا معاملہ دستاویزی ہے اور یہ دستاویزات ایل ڈی اے کے ریکارڈ پر موجود ہیں۔میر شکیل الرحمن کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست لاہورہائی کورٹ نے 7اپریل کو قبل ازوقت قراردے کرخارج کردی تھی کہ میر شکیل الرحمن ابھی جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں،اب میر شکیل الرحمن 28اپریل سے جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں جس کی بنا پر ان کی طرف سے درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری دائر کی گئی ہے۔
پلاٹ کیس

مزید :

علاقائی -