صحت کے شعبہ میں نرسیں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہیں،الفرید ظفر

صحت کے شعبہ میں نرسیں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہیں،الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفراور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیور وسائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ورلڈ نرسنگ ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے نظام میں نرسوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے اور نرسز کی شرکت کے بغیرطبی اہداف کا حصول ممکن نہیں،نرسیں ڈوبتی نبضوں اور سسکتی سانسوں کو بحال کر کے جینے کی راہ دکھاتی ہیں۔انہوں نے عالمی سطح پر شدت کے ساتھ پھیلنے والی کورونا وبا کے خلاف اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچاکر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مشکل ترین حالات میں بھی انسانیت کی خدمت کی غرض سے ہمہ وقت چوکس اور اپنی ڈیوٹی پر ہمہ تن موجود ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود طبی عملے کی ہمت اور حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی ان کا یہ کردارطبی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا جو اس شعبے میں نئے آنے والوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ محض ایک پیشہ نہیں یہ انسانیت کی خدمت کا تعارف ہے زمانہ قدیم میں بھی خواتین جنگوں میں زخمی ہونے والوں کی مرہم پٹی اور دیکھ بھال کے فرائض سر انجام دیا کرتی تھیں آج کے جدید دور میں نرسنگ کی پوری ایک سائنس وجود میں آ چکی ہے لہذاتمام نرسز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں تاکہ نرسنگ کا شعبہ مزید ترقی کر سکے۔