بھارت کے ساتھ ادویات کی درآمد قابل مذمت ہے،ذکر اللہ مجاہد

بھارت کے ساتھ ادویات کی درآمد قابل مذمت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہو(پ ر)سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ادویات کی درآمد افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔حکومتی سطح پربھارت کے ساتھ تجارت کی اجازت کشمیریوں کے خون کے ساتھ بے وفائی کے مترادف ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی جانیں لے رہا ہے اور ہماری حکومت اس سے جان بچانے والی ادویات درآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول اور افغان سرحد سے ہماری افواج پر حملے کررہا ہے اور حکومت اس سے ادویات منگوا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آٹا، چینی، آئی پی پیز اور ادویات سمیت دیگر اسکینڈلز میں ملوث مافیا کیخلا ف شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔


اور، ان کو بے نقاب کرکے پوری قوم کے سامنے لایا جائے اور ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک و قوم پر مشکل وقت کے چند مہینوں میں نام نہاد تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے عوام کو عملی طور پر فریب دیا ہے۔ پہلے آٹا، چینی، پی آئی اے اور اب ادویات کا اسکینڈل حکومتی کارکردگی اور سنجیدگی کو چیخ چیخ کر پوری قوم کو بتا رہا ہے۔ پہلے ماسک اور سینیٹائرز پر حکومتی وزیروں نے اربوں روپے کا چونا ملک و قوم کو لگایا اب ادویات کی مد میں دشمن کے ساتھ ہاتھ ملالیا ہے جو قابل مذمت اور شرمناک بات ہے۔