پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام صوبے میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا: راجہ بشارت

  پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام صوبے میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا: راجہ ...

  

لاہور (آن لائن) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کا نیا نظام پرانے تمام نظاموں سے مختلف ہے جو عوامی امنگوں کے مطابق نچلی سطح پر مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ وہ گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں محکمہ بلدیات پنجاب میں نئے بھرتی ہونے والے افسران کیلئے آن لائن ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبائی وزیر کو محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سپیشل سیکرٹری بلدیات بابر امان بابر نے آن لائن ٹریننگ پروگرام کی غرض و غایت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔وزیر قانون نے نئے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام سے جڑے عوام کی امیدوں پر پورا اترنا آپ کا مشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے جو صوبہ میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ افسران جیسے خود میرٹ پر بھرتی ہوئے ہیں ویسے ہی میرٹ پرعوام کی خدمت کریں گے۔اس موقع پر سیکریٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ فنانس، انفراسٹرکچر، سروس، ریگولیشن سمیت مختلف کیڈرزمیں بھرتی ہونے والے میونسپل افسران کو اس تربیت میں شامل کیا گیا ہے۔کورونا کے پیش نظر نئے افسران کی پری سروس ٹریننگ لوکل گورنمنٹ اکیڈیمی کی بجائے آن لائن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سپیشل سیکرٹری بابر امان بابر نے کہا کہ آن لائن ٹریننگ کا فیصلہ انتہائی سودمند ثابت ہورہا ہے۔اس موقع پر ڈی جی لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن بلال الیاس، ڈپٹی سیکریٹری رضوان منظور، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ مظہر اقبال، محمود مسعود تمنہ، نجیب اسلم سمیت متعدد افسران موجود تھے۔

راجہ بشارت

مزید :

صفحہ آخر -