لاڑکانہ، میا ں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد کی پر اسرار موت

  لاڑکانہ، میا ں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد کی پر اسرار موت

  

لاڑکانہ(آئی این پی) سندھ کے شہر لاڑکانہ میں میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد پراسرار طور پر انتقال کرگئے۔ پیر کو نجی ٹی وی کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے علی گوہر آباد میں میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد پر اسرار طور پر انتقال کرگئے، انتظامیہ کے کرونا وائرس کیشبہ کے پیش نظر علاقے کو سیل کردیا۔انتقال کرنے والے افراد کے رشتے دار یوسی چیئرمین ایڈووکیٹ اصغر کچھی کے مطابق مرنے والے کرونا وائرس میں مبتلا نہیں تھے تاہم ہم انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں لیکن سیمپلز نہیں دے سکتے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے ورثا کا کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔علی گوہر آباد میں 6 افراد کی پراسرار موت پر خوف و ہراس پھیل گیا، متاثرہ علاقے کی تین گلیاں سیل کرکے پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے۔دوسری جانب لاڑکانہ میں کرونا وائرس کے باعث بینک کی ایک برانچ سیل کردی گئی، برانچ کو بینک منیجر کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر سیل کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کا کہنا ہے کہ بینک کے دیگر عملے کے بھی کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ وائرس سے 200 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

پراسرار موت

مزید :

صفحہ آخر -