اسلام آبا د کی مارکیٹیں کھولنے کا خیر مقدم کرتے ہیں: طاہر عباسی
اسلام آباد (پ ر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں ماسوائے ہیئر سیلون اور بیوٹی پارلر کے دیگر مارکیٹوں و دکانوں کو صبح 8بجے تا شام 5بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے۔ طاہر عباسی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹیں کھولنے کیلئے تاجروں کا مطالبہ پورا کر کے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے تاہم اب یہ تاجروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ طے شدہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں تا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی اپنی مارکیٹوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنائے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ورنہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ مارکیٹ یا دکان کو بند کیا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے تاکید کی کہ کوئی بھی دکاندار ماسک کے بغیر نا تو خود کام کرے اور نہ ہی کسی گاہک کو بغیر ماسک کے دکان میں داخل ہونے دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دکانوں اور مارکیٹوں میں سماجی دوری پر بھی عمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دکانوں پر ہینڈ سینئٹائزرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور گاہکوں میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے ہر مارکیٹ کی متعلقہ ایسوسی ایشن اپنی مارکیٹ میں حفاظتی بینرزآویزاں کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاجر برادری کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے دکانیں اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے کر ایک اچھا فیصلہ کیا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دکاندار مطلوبہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کر کے اس موذی وائرس سے بچاؤ کی مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔