سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سید جمال الدین شاہ تمام فیکٹریز،ملز کا دورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری سٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا سید جمال الدین شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم مختلف فیکٹریز اور ملز کا دوبارہ دورہ کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمدنہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا، سید جمال الدین شاہ۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر سیکرٹری سٹیبلشمنٹ سید جمال الدین شاہ نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر مختلف فیکٹریز اور ملز کے معائنے کئے جن میں باہو فلوز ملز، چشمہ گھی ملز، چشمہ شوگر ملز I، ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز اور لیبر کالونی شامل تھیں جبکہ اسی حوالے سے انہوں نے دو ہفتے قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا تھا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز محمد عارف اور لیبر آفیسر ڈیرہ محمد یعقوب بھی انکے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری سٹیبلشمنٹ نے فیکٹریز میں کورونا وائرس کے تدارک کیلئے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس سلسلے میں فیکٹریز مالکان نے انہیں بریفنگ بھی دی اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری تمام تر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سید جمال الدین شاہ نے ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز اور چشمہ گھی ملز کے معائنہ کے دوران احتیاطی تدابیر میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری دور کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹریز میں کام کرنے والے ملازمین کے درمیان سماجی فاصلے کو ہر صورت برقرار رکھا جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔