پنجاب میں تاریخی مالی امداد کی تقسیم کا انصاف پروگرام شروع، لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: عثما ن بزدار

  پنجاب میں تاریخی مالی امداد کی تقسیم کا انصاف پروگرام شروع، لاک ڈاؤن سے ...

  

ننکانہ صاحب/لاہور(نمائندہ خصوصی،جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ننکانہ صاحب سے صوبے کی تاریخ کے مالی امداد کی تقسیم کے سب سے بڑے انصاف امداد پروگرام کاآغازکردیا، گورنمنٹ ایم سی گرلزسکول میں قائم انصاف امداد سینٹرکا دورہ کیا،مستحق افراد سے ملاقاتیں اور امدادی رقوم تقسیم کیں، مستحق افراد نے سینٹر میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر صوبائی وزراء میاں خالد محمود،صوبائی وزیر وائلڈلائف اینڈفشریزملک اسد علی کھوکھر،صوبائی وزیر برائے کھیل تیمور بھٹی، ضلع ننکانہ کے اراکین اسمبلی میاں محمد عاطف،بلال ورک، ضلعی صدر پی ٹی آئی پیر سرور شاہ،ضلع بھر کے ْپی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز،سینئر ممبر بور ڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن،کمشنر لاہورڈویژن کیپٹن (ر) سیف انجم، آر پی او شیخوپورہ،اطہر علی خاں،ڈپٹی کمشنر راجہ منصوراحمد،ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجودتھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف امداد پروگرام کے تحت 25لاکھ مستحق خاندانوں کو 12ہزار روپے فی خاندان مالی امداددی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا،پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو تنہاء چھوڑا ہے نہ چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں،سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے،کورونا وباء پر سیاست چمکانے والوں نے عوام کومایوس کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو انصاف امداد پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ننکانہ صاحب میں جمنیزیم میں قائم 100بستروں پر مشتمل کورونا فیلڈ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اوپن ہونے والے کاروبارکوحکومت کی وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ کو فیلڈ ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ننکانہ شہر کا دورہ کیا اورسڑکوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے سید والا روڈ کا بقیہ تعمیراتی کام 15روز میں مکمل کرنے کا حکم دیاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کشمیر روڈاورپیر احمد شاہ روڈکا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے،اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوروناکی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ اوران کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہااورمزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور ایئرپورٹ پر چین سے آنیوالا امدادی سامان وصول کیا، چین نے 100ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی صوبے شینڈونگ،جیانگسواورننگزیاکی جانب سے حفاظتی لباس اورضروری سامان کا عطیہ مضبوط پاک چین تعلقات کا مظہر ہے۔ چین کی جانب سے ملنے والے سامان میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس، پروٹیکٹو سوٹس، این 95ماسک، سرجیکل ماسک، گلوز، ڈسپوازیبل میڈیکل پروٹیکٹوزشامل ہیں اور یہ سامان کورونا سے بچاؤ کے لئے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز،جینی ٹوریل سٹاف کو دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کورونا وائرس سے شہید ہونیوالے پاک فوج کے میجر محمد اصغرکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہارتعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ شہیدمیجر محمد اصغر نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایاہے اورقوم کا ہر فردشہیدمیجر محمد اصغر کو سلام پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجودپاک فوج،رینجرز،پولیس کے افسروں وجوانوں، ڈاکٹر وں اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -