امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی خصوصی پروازوں کے ذریعے واپسی کا سلسلہ شروع

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی خصوصی پروازوں کے ذریعے واپسی کا سلسلہ شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی خصوصی پروازوں کے ذریعے واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، پی آئی اے کی پہلی چارٹرڈ پرواز گزشتہ روزاسلام آباد پہنچ گئی، پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے ائیرپورٹ پر 200مسافروں کو رخصت کیا۔پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق یہ پہلی پرواز 6 خصوصی پروازوں کا حصہ ہے جو واشنگٹن کے سفارتخانے کی دلچسپی کے نتیجے میں پاکستان جائیں گی۔ سفارتخانہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے رابطہ کرکے ان کو سفری سہولت فراہم کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ دوسری پرواز 13مئی کو واشنگٹن ائیرپورٹ سے کراچی جائے گی۔ جبکہ تیسری پرواز نیوجرسی کے نیوارک ائرپورٹ سے لاہور جائے گی جس کی روانگی کی تاریخ اور وقت کا اعلان بعد میں ہوگا۔ مزید تین پروازوں کی تفصیلات بھی طے کی جارہی ہیں۔ واشنگٹن ائرپورٹ پر پاکستانی مسافروں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اسد مجیدخان نے بتایا کہ جتنے بھی پاکستانی اپنے کاموں کیلئے امریکہ آئے تھے اور اب کرونا وائرس کی وجہ سے یہاں مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں ان کی واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ اس دوران سوموار کے روز امریکی حکومت کا بھی ایک خصوصی چارٹر طیارہ 150 کے قریب ان پاکستانیوں کو لے کر پاکستان روانہ ہوگیا جو سرکاری پروگراموں میں شرکت کیلئے امریکہ پہنچے تھے لیکن وائرس کی وجہ سے یہ پروگرام مختصر کر دیئے گئے۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کی6 خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروعہونے سے قبل امریکی حکومت کی منظوری سے متعدد پاکستانی قطر ائیرویز کے ذریعے پاکستان جا چکے ہیں۔
واپسی/ شروع

مزید :

صفحہ اول -