محکمہ خوراک کی کارروائی، غیر معیاری نمک سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار

محکمہ خوراک کی کارروائی، غیر معیاری نمک سپلائی کرنیوالا گروہ گرفتار

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے غیر معیاری نمک شہر کو سپلائی کرنیوالا گروہ بے نقاب کرتے ہوئے 34گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک خیبر پختونخوا محمد زبیر خان کی خصوصی ہدایت پر زیر نگرانی راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر‘ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ‘ نعمان عامر اور فوڈ انسپکٹرز محسن علی شاہ اور وحید یوسف نے فردوس سبزی منڈی میں نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 7 سبزی فروش‘ غیر معیاری نمک شہر کو سپلائی کرنیوالا 2 رکنی گروہ‘چرگانو چوک میں صفائی کی ناقص صورتحال پر 6 مرغی فروشوں اور چارسدہ روڈ پر 4 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان اور فوڈ انسپکٹر بلال آفریدی نے گلبرگ‘ نوتھیہ اور دیگر علاقوں میں گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرانفروشوں میں چائے فروش‘ سبزی و پھل فروش‘ دودھ فروش‘ بیکری مالکان‘ جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جبکہ اس کے مرتکب افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خو راک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کریں اور کسی کیساتھ نرمی نہ برتی جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -